بےنظیر کا یوم شہادت، جیالوں کی گڑھی خدا بخش آمد کا سلسلہ جاری

27 Dec, 2022 | 08:03 AM

ویب ڈیسک:سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی سابق چیرپرسن شہید بے نظیر بھٹو کا یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے، ملک بھر سے جیالے اپنی محبوب قائد کی برسی میں شرکت کے لیے لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں، گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے سے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

شہید بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے موقع پر آج پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت مرکزی رہنما اور ملک بھر سے آنے والے کارکنان آج گڑھی خدا بخش میں مزار پر حاضری دیں گے اور پھول رکھیں گے۔پیپلز پارٹی کے تحت برسی کے موقع پر مزار کے احاطے میں جلسے کا آغاز سہ پہر تین بجے ہوگا جس سے بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔

پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ بھر سے کارکنان لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں، جلسہ گاہ میں چاروں صوبوں سے آنے والے کارکنان کے انکلوژرز بنائے گئے ہیں۔پیپلز پارٹی کے رضا کاروں سمیت سندھ پولیس اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اہلکار جلسہ گاہ میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

اسٹیج پر سیکیورٹی کی ذمہ داری سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی کمانڈوز ادا کریں گے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی جلسہ گاہ اور اطراف میں فرائض انجام دیں گے۔

پیپلز ڈاکٹرز فورم کی جانب سے جلسہ گاہ میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے، جلسے میں شرکت کے لیے ذیلی تنظیموں سندھ پیپلز یوتھ، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، شعبہ خواتین، کلچرل ونگ، اقلیتی ونگ کے کارکنان بھی گڑھی خدا بخش پہنچے ہیں۔

مزیدخبریں