(جنید ریاض)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے موسم سرما کی چھٹیوں کے دوران سکول بند رکھنے کا حکم دے دیا، چھٹیوں کے دوران سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے والے مالکان کیخلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔
تفصیلات کےمطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے موسم سرما کی چھٹیوں کے دوران تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو تعلیمی سرگرمیاں بند رکھنےکے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔ موسم سرما کی چھٹیوں کے دوران سکول بند رکھوانا اتھارٹیز کی ذمہ داری ہوگی۔ احکامات کے باوجود اگر کہیں سکول کھلا پایا گیا تو سخت کاروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپاٹمنٹ نے احکامات والدین کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر جاری کی ہیں۔ احکامات کے باوجود سکول کھولے گئے تو اتھارٹیز کی جانب سے سکول مالکان کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر مراد را س کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں 23 دسمبر تا 6 جنوری تک رہیں گی۔ شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی ویکسی نیشن کروائیں اور کورونا ایس او پیز پر عمل کریں۔
یاد رہےوفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ موسم سرما کی تعطیلات 3 جنوری سے کی جائیں، یہ فیصلہ تعلیمی اداروں میں جاری ویکسی نیشن مہم کے باعث کیا گیا تھا۔