عوام کا مجرم پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہا ہے، مریم نواز

27 Dec, 2020 | 08:03 PM

Raja Sheroz Azhar

(سٹی 42) مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی ختم کرنے کیلئے عمران خان کو گھر بھیجنا ضروری ہے، بچوں نے عمران خان کو تگنی کا ناچ نچا دیا،عوام کا مجرم پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے  کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کا درد صرف پیپلزپارٹی کو نہیں ہمیں بھی ہے، نوازشریف اور شہباز شریف کا سلام لے کر آئی ہوں۔ بینظیر بھٹو کی جب شہادت ہوئی تو میرے گھر میں سوگ کا سماں تھا،میرے گھر کے تمام لوگ رو رہے تھے کہ جیسے کوئی اپنا چلا گیا ہو، بلاول بھٹو زرداری نے بچپن میں ہی اپنی والدہ کو کھو دیا تھا۔ بینظیر بھٹوشہید کے قاتلوں کا آج کوئی نام لیوا نہیں، بینظیر بھٹو شہید کو چاہنے والے آج بھی مود نہیں۔2008 میں پیپلزپارٹی حکومت گرانے کی رائے نوازشریف نے مسترد کی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پچھلی مرتبہ جب کراچی جلسے میں ہوٹل میں ٹھہری تو میرے کمرے پر حملہ ہوا،ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا، اس بار بلاول نے مجھے اپنے گھر ٹھہرایا تا کہ کوئی حملہ نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے وقت ہم جدہ میں جلا وطن تھے،جلاوطنی کے دور میں بینظیر شہید کیساتھ تین گھنٹے اکھٹے گزارے۔ نوازشریف اور بینظیر کے نام لیوا ملک بھر میں ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نالائق حکومت کو ووٹ چوری کرکے مسلط کر دیا گیا،عمران ڈھٹائی سے کہتا ہے مجھے کچھ پتہ نہیں۔ عمران خان اب کہتا ہے میں نالائق ہوں، عمران خان اب کہتا ہے کہ میری تیاری نہیں۔ناکام ، ہارا ہوا شخص اکیلا کھڑا ہے،یہ حکومت اب نہیں چلے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی کشمیر کا مقدمہ ہار جائے تو معصوم، پھانسیاں ہوں تو سیاستدانوں کو، نوازشریف اشتہاری، مشرف کو پاکستان لانے کی بات تک نہیں ہوئی۔سیاستدانوں کی کردار کشی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاندان والوں کو شہبازشریف سے ملنے کیلئے ہفتہ پہلے اجازت لینی پڑتی ہے۔ان کے پیغام رساں کو شہبازشریف سے ملنے کی فوراً اجازت ملتی ہے۔مریم نے کہا کہ سیاستدانوں کی غلطیوں کا فائدہ جمہوریت شکن قوتوں نے اٹھایا۔سیاسی اختلافات کے باوجود پی ڈی ایم کی قیادت آج اسٹیج پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ختم کرنے کیلئے عمران خان کو گھر بھیجنا ضروری ہے، عمران خان کے گھر جانے تک لوگوں کے گھروں کے چولہے نہیں جل سکتے۔   عمران خان کہتا ہے اپوزیشن فوج کو بدنام کرتی ہے ، عمران خان نے بھارت جا کر پاکستان کی فوج کیخلاف بات کی ۔ جعلی وزیراعظم جب امریکا گیا تو اپنی فوج اور آئی ایس آئی پر حملے کئے، ایک پیج کی رٹ لگا کر تم نے فوج کو بدنام کیا۔

روٹی 30 روپے کی ہوتی ہے تو کہتا ہے فوج میرے پیچھے کھڑی ہے ، نالائقی چھپانے کیلئے کہتا ہے فوج میرے پیچھے کھڑی ہے۔ تمہاری نالائق کی وجہ سے کشمیر مودی کی جھولی میں چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ 200 روپے ملنے والی دوائی اب 500 کی ہے، اپوزیشن فوج کو حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے نہیں کہتی۔سلیکٹرز کو کہتے ہیں پیچھے ہٹ جائو، ہم جانے عمران خان جانے، لاڑکانہ والوں بولو ! عمران خان کی تابعداری چلتی رہنی چاہئے؟ عمران خان کی حالت قابل رحم ہے ۔ عمران خان ”دور بین “لگا کر پی ڈی ایم کے جلسے دیکھتا ہے ، مریم نواز کوئی جلسے میں نہ آئے تو کہتا ہے پی ڈی ایم میں لڑائی ہو گئی ہے۔ بچوں نے عمران خان کو تگنی کا ناچ نچا دیا ہے ، بچوں نے عمران خان کی نیند حرام کر دی ہے۔ پی ڈی ایم میں پھوٹ ڈلوانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ۔تمہاری جنگ پی ڈی ایم سے نہیں 22 کروڑ عوام سے ہے ۔

مزیدخبریں