( فہد علی ) جج ارشد ملک ویڈیو سیکنڈل، مسلم لیگی رہنما عطااللہ تارڑ ایف آئی اے کے روبرو پیش ہوگئے۔ پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں کا احتجاج ن لیگ نے ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے واجد ضیا کی تعیناتی پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔
جج ارشد ملک ویڈیو سیکنڈل کے معاملہ پر لیگی رہنما عطااللہ تارڑ نےڈیڑھ گھنٹے تک ایف آئی اے افسران کے سوالوں کے جوابات دیئے۔ ڈائریکٹر کائونٹر انسداد دہشت گردی ونگ بابر بخت، ایڈیشنل ڈائریکٹر ساجد اکرم، اسسٹنٹ ڈائریکٹراعجاز شیخ اور دیگر نے عطاتارڑ سے تحقیقات کیں۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑنے حکومت پر انتقامی کارروائیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں اگست کے مہینے میں جوابات جمع کروا دئیے تھے اور اب دوبارہ طلبیاں لی جا رہی ہیں۔
عطااللہ تارڑ کی پیشی پر ن لیگ کے اراکین اسمبلی اور کارکن بھی ایف آئی اے آفس کے باہر موجود تھے اور انہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ لیگی کارکن اور پولیس کے درمیان دھکم پیل ہوتی رہی۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ حکومت ایف آئی اے کو بھی سیاسی رنگ دی رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ایف آئی اے آفس کو جانے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے تھے۔