حکومت کا سبزیوں کی قیمتیں مقرر کرنے کیلئے نیا تجربہ

27 Dec, 2019 | 01:01 PM

Sughra Afzal

(حسن علی) حکومت کی جانب سے سبزیوں کی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے نیا تجربہ، سرکاری نرخنامے پر آلو، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں فی پیس50 سے 80 گرام کےحساب سے مقرر کی جانے لگیں۔

سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ حکومت کا گرام کے حساب سےسبزیوں کی قیمتیں مقررکرنےکا تجربہ ناکام ہوگا کیونکہ سبزی منڈی سے سبزیاں تھیلوں کے حساب سے لاتے ہیں، جن میں ہر سائز کی سبزی موجود ہوتی ہے اور فی پیس گرام کا پتہ نہیں چل سکتا، انکا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو سہولت دینے کے لیے سبزی منڈیوں میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کرائے نہ کہ تجربے کرے۔

دوسری طر ف سرکاری نرخنامے کے مطابق ٹماٹر کی قیمت 100 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جبکہ سبزی منڈیوں میں ٹماٹر 120 سے 130 میں فروخت ہوتے رہے اور مارکیٹ میں ٹماٹر 130 سے 140 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، شہر میں پیاز 80 روپے، آلو 60، لہسن 300، ادرک 350، گاجر 50، کھیرا60، شلجم 30، مٹر 120 اور گوبھی 60 روپے فی کلو میں فروخت ہوتی رہی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی اپنے جاری کردہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کرائے۔

سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ حکومت تجربےکرنے کی بجائے سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کے لیے منافع خوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔

مزیدخبریں