پارکنگ پلازہ بنانے کےمنصوبہ پر کام شروع

27 Dec, 2018 | 08:48 PM

Arslan Sheikh

(زاہد چوہدری) میو ہسپتال میں پارکنگ کا سنگین مسئلہ حل کرنے کیلئے منصوبے پر کام شروع، ایمرجنسی کے سامنے پارک کی پارکنگ پلازہ بنانے کا منصوبہ، محکمہ بلڈنگ کو پراجیکٹ پر لاگت کا تخمینہ لگانے کی استدعا کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق میو ہسپتال میں روزانہ ہزاروں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت رکشہ، ایمبولینسز کی آمد و رفت کی وجہ سے پارکنگ کی کمی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے، میو ہسپتال انتظامیہ نے پارکنگ کے سنگین مسئلے کو حل کرنے کیلئے ایمرجنسی کے سامنے واقع وسیع پارک کی جگہ کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارک کی اراضی پر دو بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور پر مشتمل تین منزلہ پارکنگ پلازہ بنے گا اور اس کو لینڈ سکیپنگ کے ذریعے خوش نما اور دلکش بھی بنایا جائے گا۔

میو ہسپتال انتظامیہ نے محکمہ بلڈنگ سے استدعا کی ہے کہ پارکنگ پلازہ کی تعیر پر لاگت کا تخمینہ لگایا جائے تاکہ باضابطہ طور پر منصوبے کا پی سی ون تیار کرکے حکومت کو منظوری کیلئے بھجوایا جاسکے۔

میو ہسپتال میں پارکنگ پلازہ بنانے کے ذریعے ہسپتال میں بے ہنگم پارکنگ کا سلسلہ بھی فوری ختم ہوسکے گا۔

مزیدخبریں