دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں سے بات چیت نہیں ہوگی، اسحاق ڈار

27 Aug, 2024 | 06:18 PM

سٹی42: وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں سے بات چیت نہیں ہوگی۔ 

اسحاق ڈار نے سینٹ کے اجلاس میں بلوچستان دہشت گردی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جوکچھ ہوا اس پر ہرپاکستانی رنجیدہ ہے۔ بلوچستان ہمیں اتنا ہی عزیز ہے جتنا کوئی اور صوبہ ہے۔آج کابینہ میں بھی بلوچستان کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ناراضگی کے نام پر بات تب ہوگی جب پاکستان کے جھنڈے کو تسلیم کریں گے۔  ناراضگی کے نام پر دہشتگردی کرنے والوں کو ریاست کو تسلیم کرنا ہوگا۔ یہ کونسی ناراضگی ہے جس میں ریاست نہیں ہے۔   

 اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف  دو تین روز میں بلوچستان جائیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ میں کسی کو الزام نہیں دے رہا لیکن ڈائیلاگ کے نام پر ہم نے بلنڈر کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی پاکستان ٹیک آف کرتا ہے،  ٹانگیں کھینچنا شروع کردی جاتی ہیں۔ اب ہم 24ویں سے 47 ویں معیشت بن چکے ہیں۔ 

اسحاق ڈار نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مل کر ملک کی بہتری کےلئے سوچنا چاہیے، دہشتگردی کے خلاف اپوزیشن  اور حکومتی ارکان ایڈوائس دیں کیا کریں۔بلوچستان اور وفاقی حکومت کو ایڈوائس دیں۔ 

مزیدخبریں