ویب ڈیسک: گھوٹکی کے نواحی علاقے رونتی میں مسلح افراد نے حملہ کرکے مقامی صحافی بچل گھنیو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق رونتی میں سندھی نیوز چینل آواز ٹی وی کے مقامی رپورٹر بچل گھنیو صبح سویرے اپنے گھر کے قریب ہی کھیتوں میں گئے تھے کے مسلح افراد نے حملہ کرکے فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان صحافی کو قتل کر کے فرار ہو گئے، صحافی کی لاش اوباڑو ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ ڈاکوؤں کا حملہ ہے یا کوئی ذاتی دشمنی ابتدائی تحقیات کی جارہی ہے، صحافی ڈاکوؤں کے خلاف بھی رپورٹنگ کرتا تھا۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں صحافی بچل گھنیو کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ شہید صحافی بچل گھنیو کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے۔
یاد رہے کے دو ماہ قبل بھی میرپور ماتھیلو کے صحافی نصرالله گڈانی کو بھی مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔