دہشت گردی کو ختم کرنے کاوقت آن پہنچا، ہر صورت ختم کرکے دم لیں گے،وزیراعظم شہبازشریف

27 Aug, 2024 | 10:16 AM

ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے آپریشن عزم استحکام کے لیے 20 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

  وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا،اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے اس عزم کااظہارکیاکہ   دہشت گردی کو ختم کرنے کاوقت آن پہنچا، ہر صورت ختم کرکے دم لیں گے۔

  شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ روز پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات میں  50 سے زائد شہری اور سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی لہر میں ٹی ٹی پی ملوث ہے جو افغانستان سے حملے کررہی ہے۔

  وزیراعظم نے مزیدکہا کہ دہشت گردوں کی بہت بڑی غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ شہریوں کو شہید کرکے اپنی دھاک بٹھاسکتے ہیں، دہشت گری کا مقصد ملک میں خلفشار پیدا کرنا اور خوشحالی کےلیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو روکنا ہے،ان کامقصد سی پیک کو روکناہے تاکہ پاکستان و چین کے درمیان فاصلے پیدا کیے جاسکیں۔

  وزیراعظم نے کہا کہ باقی اخراجات کم کرکے فوج کو تمام تر مالی وسائل فراہم کریں گے، دہشت گردوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے، ہمیں اپنے دشمنوں کو پہچاننا اور شکست دینے کیلئے یکجا ہونا ہوگا، دہشت گردی کو ختم کرنے کا اب وقت آن پہنچا، اسے اب ہر صورت ختم کرکے دم لیں گے، دہشت گردوں کےلیے کوئی جگہ نہیں،ہمیں  پختہ ارادے سے آگے بڑھنا ہے، کسی کمزوری کا سوال ہی  پیدا نہیں ہوتا، واضح پیغام ہے کہ بلوچستان میں جو لوگ پاکستانی سوچ رکھتے ہیں، قومی پرچم اور آئین کو تسلیم کرتے ہیں، مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، سبز ہلالی پرچم کو سربلند دیکھنا چاہتے ہیں، ان سے بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں لیکن جو لوگ اس آڑ میں دوست نما دشمن ہیں ان سے نہ کوئی بات چیت ہوگی اور نہ نرمی روا رکھی جائے گی، کل کے واقعات سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، مل جل کر چیلنجز کا خاتمہ کریں گے۔

  وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ کہنا کہ ملک کے کس حصے کے لوگوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا گیا، اس کے بجائے یہ کہنا ملکی سالمیت کے حوالے سے مناسب ہوگا کہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا، جلد بلوچستان کا دورہ کرکے مکمل جامع بات چیت کروں گا اور صورتحال کا جائزہ لے کر فی الفور اقدامات کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں