(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے نرخوں کے حوالے سے ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم نے عوام کے سخت ردعمل کے بعد بجلی کے بھاری بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں کو تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں صارفین کو بجلی کے بِلوں سے متعلق زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مشاورت کی جائے گی۔
خیال رہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں عوام احتجاج کر رہے ہیں، اس حوالے سے کراچی، راولپنڈی، ملتان، گوجرانولہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے ہیں۔
شہریوں کے مطابق مہنگائی کے اس دور میں بجلی کے اضافی بل عوام کی برداشت سے باہر ہوگئے، غریب عوام دو وقت کی روٹی پوری کریں یا بجلی کے بھاری بل جمع کرائے، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور ٹیکس بھی ختم کیا جائے۔