عدالت نے رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کی ضمانت منظور کرلی

27 Aug, 2022 | 06:08 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شہباز گل کی اسلحہ برآمدگی کے کیس میں ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے شہباز گل کو پچیس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شہباز گل کی اسلحہ برآمدگی کے کیس میں ضمانت منظور کرلی، عدالت کا شہباز گل کو پچیس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا،ڈیوٹی مجسٹریٹ نصیر الدین نے شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنایا، شہباز گل کی جانب سے وکیل علی بخاری نے عدالت میں دلائل دیے تھے۔

قبل ازیں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں زیر حراست پی ٹی آئی رہنما شہبازگل نے اپنے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا،پی ٹی آئی رہنما شہبازگل نے جسمانی ریمانڈ کے لیے سرکار کی اپیل منظور کرنے کا فیصلہ بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا اور دونوں اپیلوں میں ایڈیشنل سیشن جج، حکومت، ایس ایس پی انویسٹی گیشنز فریق، آئی جی اسلام آباد اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو بھی فریق بنایا گیا ۔

درخواست میں کہا گیا کہ تشدد کی انکوائری کے لیے آزاد ، غیر جانبدار میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے،  سپریم کورٹ ہائی کورٹ کا اپیل خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے، سیشن جج کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ بھی کالعدم کیا جائے۔

 درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 12 اگست کے بعد کی تمام تحقیقات اور شواہد غیر قانونی قرار دیئے جائیں، حراست کو غیر قانونی اور بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیا جائے۔ 

مزیدخبریں