ویب ڈیسک: پاکستان نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی سربراہی میں 'سولیڈیرٹی پلس' کلینیکل ٹرائل میں حصہ لینے کے لیے اندراج کرایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ٹرائل کووڈ 19 انفیکشن کے علاج کے لیے تین ممکنہ ادویات آرٹیسونیٹ، اماتینیب اور انفلیکسیماب کا لوگوں کو وبائی مرض کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونے اور مرنے سے بچانے کے لیے جائزہ لے گا۔عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے اعلان کیا ہے کہ مصر، ایران، کویت، لبنان، عُمان، پاکستان اور سعودی عرب کے محققین اور سائنسدان دنیا بھر کے 52 ممالک کے ہزاروں محققین کے ساتھ اس تحقیق میں شامل ہو رہے ہیں جو کہ کووڈ 19 تحقیق اور پیش رفت پر سب سے بڑا عالمی تعاون ہے۔
کووڈ 19 گزشتہ صدی میں صحت عامہ کا سب سے زیادہ تباہ کن چیلنج رہا ہے۔دو سال سے بھی کم عرصے میں وبائی مرض نے دنیا بھر میں 44 لاکھ سے زائد جانیں لے لی ہیں، صحت کے نظام کو مغلوب کردیا ہے اور معیشتوں اور معاشروں کو متاثر کیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مشرقی بحیرہ روم کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المندھاری نے کہا کہ ہم کووڈ 19 کے علاج کے لیے اہم عالمی مطالعات میں تعاون کے لیے خطے کے ممالک کی کوششوں کو سراہتے ہیں'۔