ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کابل لہو لہو، ائیر پورٹ پر تین دھماکے،90افراد ہلاک، متعدد زخمی

Kabul Airport Blast
کیپشن: Kabul Airport Blast
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں امن دشمنوں نے کابل کو خون میں نہلا دیا، کابل ایئرپورٹ کے باہر تین دھماکوں میں امریکی فوجیوں سمیت90 افراد ہلاک،150 سے زائد زخمی ہوگئے۔

افغانستان میں حکومت سازی سے پہلے ہی طالبان کو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑگیا، کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، ایئر پورٹ کے باہر متعدد دھماکے ہوئے جس میں آنکھوں میں امن کا خواب لئے انخلا کے منتظر ہجوم کو نشانہ بنایا گیا، پہلا دھماکہ ایئرپورٹ کے باہر ہوٹل کے قریب ہوا جہاں برطانوی اہلکار ٹھہرے ہوئے تھے، کچھ دیر بعد دوسرا دھماکہ ہواجس نے درو دیوار ہلا کر رکھ دیئے، پھر تیسرا دھماکہ بھی ہوا، دھماکوں کے بعد ہر سْو قیامت صغریٰ کا منظر تھا، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،150 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

 افغان میڈیا کے مطابق دھماکہ مشرقی گیٹ کے باہر ہوا، اطلاعات کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی، افغان اردو سروس کے مطابق ایک خودکش دھماکہ سیوریج کینال پر ہوا جہاں افغانوں کی بڑی تعداد دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد جمع تھی، ان میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے،خودکش حملہ آور نے ہجوم کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرے حملہ آور نے فائرنگ شروع کردی، ہرطرف انسانی اعضا بکھر گئے، چیخ و پکار سے بھگدڑ مچ گئی۔

 امریکی میڈیا کے مطابق دھماکہ خود کش تھا، پینٹا گان نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں 4 امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے جبکہ افغان اردو سروس کے مطابق امریکی صحافی کائل بیکر نے پینٹا گون میں ذرائع کے حوالے سے دعوی ٰ کیا ہے کہ کابل ائیرپورٹ حملے میں 13 امریکی فوجی مارے گئے، 20 زخمی ہوئے جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے۔

 افغان ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ایئر پورٹ پر امدادی کارروائیا ں جاری ہیں، امریکی اور برطانوی سکیورٹی ایجنسیز نے پہلے ہی ایئرپورٹ پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

دوسری جانب طالبان ترجمان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شرپسندوں کیساتھ سختی سے نمٹنے کا اعلان کیا، ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ حملے کی جگہ کی ذمہ داری امریکی اہلکاروں کے پاس تھی، ادھر کابل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد کینیڈا، فرانس، پولینڈ، نیدر لینڈ سمیت بیشتر ممالک نے انخلا کا عمل ختم کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی صورتحال کے باعث انخلا میں مزید شہریوں کی مدد نہیں کرسکتے.

اے ایف پی کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نےکابل ائیرپورٹ پر خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی , داعش کے مطابق اس کے خودکش بمبار نے امریکی فوج کے سکیورٹی کے حصار کو توڑتے ہوئے 5 میٹر تک اندر جاکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

Sughra Afzal

Content Writer