اظہر علی کا بیٹ رنز اْگلنا بھول گیا

27 Aug, 2021 | 08:30 AM

Sughra Afzal

نشتر پارک ( سٹی42) اظہر علی کا بیٹ رنز اُگلنا بھول گیا جب کہ وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں بھی وہ بدترین ناکامی کا شکار ہوئے،انھوں نے 4 اننگز میں محض 62 رنز بنائے۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سینئر ترین ممبر اظہر علی کا بیٹ حالیہ کچھ عرصے سے خاموش ہے، وہ خود بھی ٹیم میں اس وقت خاموش تماشائی ہی بنے دکھائی دے رہے ہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں اظہرکی بیٹنگ ناکامی سے دوچاررہی، انھوں نے 4 اننگز میں 15.50 کی معمولی اوسط سے صرف62 رنز بنائے،یہ ان جیسے سینئر کھلاڑی کے کسی بھی طور پر شایان شان نہیں ہیں، ان کی سب سے بڑی اننگز بھی صرف 23 رنز کی رہی، مجموعی طور پر اظہر علی نے اس دوران صرف7 بار گیند کو بائونڈری کی سیر کرائی۔

 ٹیم کے ایک اور بیٹنگ ستون عابد علی بھی توقعات کا بوجھ اٹھانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیئے، انھوں نے  18.25 کی ایوریج سے صرف 73 رنز بنائے، ان کا سب سے بڑا اسکور 34 رہا، دوسرے اوپنر عمران بٹ بھی بدترین ناکامی کا شکار ہوئے،2 میچز کی4 اننگز میں انھوں نے 49 رنز 12.25 کی ایوریج سے اسکور کیے،کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ 193 رنز 48.25 کی اوسط سے بنائے جس میں 75 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔

بابر نے 25 مرتبہ گیند کو بائونڈری کی سیر کرائی،4اننگز میں انھوں نے 2 ففٹیز اسکور کیں، سیریز کی واحد سنچری فواد عالم نے بنائی،ایک بار ناٹ آئوٹ رہنے کی وجہ سے ان کی ایوریج سب سے زیادہ 90.00 رہی، انھوں نے 180 رنز اسکور کیے جس میں 124 رنز کی ناقابل شکست اننگز شامل رہی، اس دوران فواد نے23 چوکے جڑے، فہیم اشرف نے 99 رنز 24.75 کی اوسط سے بنائے،محمد رضوان نے 31.33 کی اوسط سے 94 رنزاسکور کیے۔

مزیدخبریں