وقفے وقفے سے ہونیوالی بارش سے سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل

27 Aug, 2020 | 10:04 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( عثمان الیاس/ فاران یامین ) شہر لاہور میں بارشوں کا سلسلہ جاری، وقتا فوقتاً بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہرکی سٹرکیں ندی نالوں میں بدل گئیں۔ پانی کھڑا رہنے سے گاڑیاں خراب جبکہ شہری خوار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل بارشوں سے جہاں موسم میں تبدیلی آئی وہیں شہر کی صورت بھی بدل گئی۔ شہر ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا۔ جمعرات کو ہونے والی موسلادھار بارش سے شہر کی متعدد شاہراہیں نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، کئی کئی فٹ کھڑا پانی لوگوں کے لئے پریشانی کا سبب بن گیا۔

شہر میں قذافی سٹیڈیم، مغلپورہ، ہربنس پورہ ،گڑھی شاہو، فیصل ٹاؤن،اسلام پورہ، بند  روڈ، ٹاؤن شپ، کوٹ لکھپت، جوہر ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔ شہریوں کی موٹر سائیکل اور گاڑیاں بارش کے پانی میں بند ہوتی رہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن خان لغاری اور صوبائی وزیر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میاں خالد محمود کی زیر صدارت ممکنہ سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈائریکٹر میٹ لاہور اور پی ڈی ایم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

 سیکرٹری آبپاشی، کمشنر راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ڈی جی خان اور ڈپٹی کمشنر جہلم نے ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی وزراء کو محکموں کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزراء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلڈ وارننگ جاری ہونے کے بعد اور سیلاب سے بچاؤ کے لئے تمام حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ 

پی ڈی ایم اے کے افسران نے صوبائی وزراء کو آگاہ کیا کہ ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر تمام حفاظتی سامان ہر ضلع میں سیلاب کے ممکنہ خطرے والے علاقوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر میٹ نے اجلاس کو بتایا کہ آنے والے تین دنوں تک منگلا کے بارشی علاقوں میں بارش کا امکان ہے جس سے ڈیم کی سطح بلند ہوسکتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس سال اگست میں 92 فیصدزیادہ بارشیں ریکارڈ ہوئی ہیں جس کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ منگلا ڈیم کی پانی ذخیرہ کرنے کی کل استعداد  1242 فٹ ہے جبکہ اس وقت 1239 فٹ پانی ڈیم میں موجود ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ اور ہیڈ خانکی کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی توقع ہے۔

مزیدخبریں