ٹیچر پر طالبہ کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت

27 Aug, 2020 | 07:02 PM

Arslan Sheikh

( اکمل سومرو ) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی طالبہ کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ہراسگی میں ملوث ٹیچر کو نوکری سے نکالنے کی سفارش کر دی۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی طالبہ کو ہراساں کرنے میں ملوث استاد پر الزام ثابت ہو گیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کی ہدایت پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ٹیچر اور متاثرہ طالبہ کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد رپورٹ مرتب کی۔

یونیورسٹی کے ٹیچر پر طالبات کو ٹیلی فون پر ہراساں کرنے کا الزام تھا۔ ٹیچر نے نامناسب تصویر اور پیغام کے ذریعے ہراساں کیا۔ امتحان میں بار بار فیل کرنے کے علاوہ جنسی طور پر بھی ہراساں کررہا تھا۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سفارشات پر مبنی رپورٹ وائس چانسلر کو جمع کرا دی گئی ہے۔

  وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی نے سٹی فورٹی ٹو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی میں زیر بحث لائی جائے گی، ہراسگی میں ملوث استاد کو وائس چانسلر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی انکوائری سے قبل ہی معطل کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ استاد کو ملازمت سے فارغ کرنے کا حتمی فیصلہ یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔

واضح رہے وائس چانسلر نے ہراسگی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے متعلقہ ڈین کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ ڈین ڈاکٹر ریاض احمد کو کمیٹی کا سربراہ مقرر جبکہ ڈاکٹر فائزہ شریف اور شہزاد احمد شامل تھیں۔  

مزیدخبریں