گریجویٹس کیلئے خوشخبری، نوکریاں ہی نوکریاں

27 Aug, 2020 | 05:39 PM

Arslan Sheikh

( اکمل سومرو ) سی پیک انڈسٹریل زون میں پنجاب یونیورسٹی چار ریسرچ سنٹر قائم کرے گی، صنعتی زون میں پنجاب یونیورسٹی کے گریجویٹس کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کیلئے معاہدہ طے پاگیا۔

تفصیلات کے مطابق سی پیک انڈسٹریل زون میں کوالٹی کنٹرول کیلئے پنجاب یونیورسٹی اور فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے درمیان معاہدہ ہوا ہے۔ کمپنی چیئرمین میاں کاشف اشفاق اور وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے معاہدے پر دستخط کئے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی سی پیک انڈسٹریل زون میں عالمی معیار کے مطابق پروڈکٹس کی تیاری میں معاونت کرے گی۔

کمپنی چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ چین اور ترکی کی کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ ہوکر کاروبار کررہی ہیں، سی پیک انڈسٹریل زون میں 150 کمپنیاں فعال ہوں گی۔

کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ صنعتی زون میں ٹیکنیکل یونیورسٹی، لیبر اپارٹمنٹس، گالف کلب اور کمرشل مارکیٹس بن رہی ہیں۔ صنعتی زون 8 ہزار ایکڑ سے بڑھا کر 11 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلا رہے ہیں۔

کاشف اشفاق نے بتایا کہ صنعتی زون سے تین لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی، صنعتی زون میں قائم ہونے والی غیر ملکی کمپنیاں دو سال بعد تکنیکی سٹاف پاکستان سے بھرتی کریں گی۔ تقریب میں ڈاکٹر عثمان اعوان بھی شریک ہوئے۔

مزیدخبریں