ائیرپورٹ(سعید احمد سعید) یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کا یورپ اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے پروازوں پر پابندی کا معاملہ، پی آئی اے انتظامیہ کا اپنے 65 سال پرانے روٹ سے دستبردار نہ ہونے اور متبادل ذرائع سے آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ، چارٹر آپریشن کی خواہشمند کمپنیوں کیلئے پی آئی اے نے ٹینڈر جاری کر دیا۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے یورپ اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے پروازوں پر پابندی کے معاملے پر انتظامیہ نے اپنے 65 سال پرانے روٹ سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان کردیا، قومی ائیر لائن نے پابندی کے دوران متبادل ذرائع سے آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا، چارٹر آپریشن کی خواہشمند کمپنیوں کیلئے پی آئی اے نے ٹینڈر بھی جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اشتہار کے ذریعے یورپ اور برطانیہ کیلئے پروازوں پر مبنیٰ چارٹر آپریشن کیلئے پیشکش مانگی گئی ہے، اشتہار کے مطابق خواہشمند چارٹر کمپنی کے پاس یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی سے کلیئر وائیڈ باڈی طیاروں کی موجودگی ضروری ہے، طیارے 250 مسافروں کی گنجائش کی حامل دو کلاس پرمبنی اور قومی ہوابازی پالیسی کی مناسبت سے 12 سال سے زائد پرانے نہ ہوں، چارٹر طیاروں کی خدمات 3 سے چھ ماہ کیلئے حاصل کی جائیں گی۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق طیارے فراہم کرنیوالے آئی ایس او سرٹیفکیٹ لازمی فراہم کریں گے۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن انتظامیہ نے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی، ٹریول ایڈوائزری 26 اگست سے 31 اکتوبر تک نافذ العمل رہے گی، سماجی فاصلے کے تحت سیٹوں میں فاصلے کی پالیسی کو بحال کر دیا گیا، اندرون ملک سفر کرنے والوں کے لیے پروٹوکول پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ۔
ٹریول ایڈوائرزی کے مطابق مسافروں کو لینے آنے والا ڈرائیور پارکنگ میں گاڑی کے اندر بیٹھنے کا پابند ہو گا، ائیرپورٹ مینجر سماجی فاصلے پر عمل درآمد کروانے کا پابند ہو گا، مسافر دوران سفر فیس ماسک پہننے کے پابند ہونگے، دوران فلائیٹ مسافروں کو کھانے پینے کی اشیاء مکمل پیکنگ میں دی جائیں، بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم فل کرنا لازم قرار دے دیا گیا۔