(جنید ریاض) موجودہ تعلیمی سال میں سکول کے طلبا کوسمارٹ سلیبس پڑھایا جائے گا، طلبا کو منتخب شدہ اسباق پڑھائے جائیں گے، 40 فیصد سلیبس غیر ضروری قرار دے کر نکال دیا جائےگا۔
کورونا وائرس کےباعث جہاں دنیا کے معاملات متاثر ہوئے ہیں وہیں پاکستانی طلبا بھی اس وباء کی لپیٹ میں ہیں، حکومت پنجاب نےاس وباء سےنمٹنے کیلئےسکولوں میں بچوں کو موجودہ تعلیمی سال میں 60 فیصد سلیبس پڑھانےکا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 40 فیصد سلیبس کو غیرضراری قرار دے کر نکال دیا جائےگا، نرسری سے دہم جماعت کےسمارٹ سلیبس کی تیاری کیلئے مختلف سکولوں کے اساتذہ کی رائےکوبھی شامل کیا جارہا ہے۔
سمارٹ سلیبس کی تیاری میں شامل ٹیچرآصف گوہرکا کہنا ہےکہ بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچانے کیلئے حکومت کے پاس شارٹ سلیبس کےعلاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں۔
اساتذہ کا کہنا ہےکہ سمارٹ سلیبس مسئلے کا حل نہیں،ابھی بھی سکول کھول دیئے جائیں توبچوں کو مکمل سلیبس پڑھایا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ٹیکسٹ بک اینڈ کریکولم اتھارٹی سمارٹ سلیبس کی تیاری میں مصروف ہے، لیکن تاحال سلیبس کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی، بورڈ کےمطابق سمارٹ سلیبس سکول کھلنے سے قبل تیار کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تمام اتھارٹیز میں سے افسران کو بطور ایجوکیشنل مینجر آن لائن تربیت دینا شروع کردی، ایجوکیشنل مینجر اپنے اضلاع میں اساتذہ کو تربیت فراہم کریں گے، مذکورہ اساتذہ سکولوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے پابند ہونگے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آن لائن تربیتی ورکشاپ کا سلسلہ 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔
واضح رہےکہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکول کھولنے کیلئے ایس او پیز تیار کرلیے ، سرکاری ونجی سکولز میں بچوں کے آنے کیلئے ماسک پہنا لازمی ہوگا، ماسک گھر سے لیکر آنا ہوگا، روز بچوں اور اساتذہ کا بخار چیک کیا جائے گا۔