پولیس افسران کیلئے بڑی خبر، تنخواہوں میں 120 فیصد اضافہ

27 Aug, 2020 | 03:14 PM

Sughra Afzal

بینک روڈ(علی ساہی) پولیس افسروں کیلئے بڑی خبر، سنٹرل پولیس آفس اور ہیڈ کوارٹرز کے افسروں کی بنیادی تنخواہوں میں 120 فیصد جبکہ فیلڈ افسروں کی بنیادی تنخواہوں میں 80 فیصد اضافہ کردیا گیا، محکمہ خزانہ نے پولیس ایڈمنسٹریشن الاؤنس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس کے گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے افسروں کیلئے حکومت کی جانب سے 1236 سیٹوں کے لیے 80 سے120 فیصد بنیادی تنخواہوں میں اضافہ کردیا گیا، سی پی او اور ہیڈ کوارٹرز کے تحت کام کرنے والے 240 پولیس افسران کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصداضافی ملے گا، جس میں 13 ایڈیشنل آئی جیز، 38 ڈی آئی جیز، 23 ایس ایس پیز شامل 53 ایس پیز، 123 ڈی ایس پیزاور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق 956 فیلڈ افسروں کوبنیادی تنخواہ کا 80 فیصد اضافی الاؤنس ملے گا، جس میں ڈی ایس پی سے لے کر ایڈیشنل ائی جی رینک کے افسربھی شامل ہیں۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق دوسرے محکمے میں کنٹریکٹ پرجانیوالے افسروں پراطلاق نہیں ہوگا جبکہ سپرئیر ایگزیکٹو لاؤنس لینے والے افسروں پر بھی اطلاق نہیں ہوگا،  نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم جولائی 2020ء سے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کےملازمین کو بنیادی تنخواہ کا50فیصد سول سیکرٹریٹ الاؤنس ملےگا،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ملازمین کویوٹیلٹی الاؤنس بھی دیا جائے گا،الاؤنسزکےعلاوہ ملازمین کو ایک تنخواہ ڈبل ملے گی،محکمہ ایس اینڈجی اےڈی نے مراسلہ جاری کردیا، اس سے قبل سیکرٹریٹ ملازمین کو ایگزیکٹوالاؤنس دیا جارہا ہے جس سے تنخواہوں میں واضح فرق سامنے آیا ہے۔

 

مزیدخبریں