جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا اب اپنا ترقیاتی بجٹ ہوگا

27 Aug, 2020 | 11:23 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی رامے، ریحان گل) جنوبی پنجاب  سیکرٹریٹ کا اب اپنا ترقیاتی بجٹ ہوگا ، پنجاب حکومت نے ترقیاتی بجٹ الگ سے تیار کرنے کی منظوری دیدی۔

جنوبی پنجاب کا ترقیاتی بجٹ آبادی کے تناسب سے مختص ہوگا، پنجاب حکومت نےجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد اب جنوبی پنجاب کے شہریوں کے لیے الگ سے ترقیاتی بجٹ مختص کرنیکا فیصلہ بھی کرلیا۔ 

حکام کے مطابق نئے مالی سال میں جنوبی پنجاب کا ترقیاتی بجٹ پنجاب کے بجٹ سے الگ کردیا جائے گا، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب اپنا بجٹ خود بنائے گا، ساؤتھ پنجاب کے لیے رواں مالی سال میں 35 فیصد ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا تھا،  ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد ان کا ترقیاتی بجٹ بھی اب الگ سے مرتب ہوگا ۔

علاوہ ازیں جنوبی پنجاب میں افسروں کی تعیناتی حتمی مراحل میں داخل ہوگئی، گریڈ 19 کے 16 افسر جنوبی پنجاب میں سیکرٹری تعینات کئے جائیں گے،جس کاجلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا، پنجاب حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب میں افسروں کی تعیناتیوں پر مشاورت مکمل کر لی گئی۔

ذرائع کے مطابق ان 16 افسروں میں 10 وفاقی سروس اور 6 افسر صوبائی سروس کے تعینات کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت نے افسروں کے ناموں کی منظوری دیدی، جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع کیلئے علیحدہ سیکرٹریز تعینات ہوں گے جبکہ مرکزی سیکرٹریٹ میں موجود سیکرٹریز کے اختیارات 24 اضلاع تک محدود ہو جائیں گے۔ 16 محکموں کو جنوبی پنجاب سیکر ٹریٹ میں شامل کیا جائے گا، جن میں لوکل گورنمنٹ، صحت، سکولز ایجوکیشن،ہائیر ایجوکیشن،خزانہ، پی اینڈ ڈی، داخلہ، زراعت، مواصلات، آبپاشی، صنعت، محنت و انسانہ وسائل اور قانون شامل ہیں۔

مزیدخبریں