محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی

27 Apr, 2024 | 08:47 PM

روزینہ علی: آج رات موسم کی صورتحال  کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیرمیں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 29 اپریل کے دوران درمیانی سے تیزموسلادھار بارش کے باعث دیر، سوات، چترال،مانسہرہ ، کوہستان اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ اس دوران (آج رات سے29 اپریل) تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔آندھی،جھکڑ ،  ژالہ باری، گرج چمک اور تیز بار ش کے باعث انسانی جانوں، کھڑی فصلوں، کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، گاڑیوں سولر پینل وغیرہ) کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ 

اتوار کے روز موسم کی صورتحال: 

اتوار کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کوہاٹ، کرم، ڈی آئی خان، لکی مروت، بنوں، ٹانک، وزیرستان اور کرک میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور چند مقاما ت پرژالہ باری کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی اضلاع میں بعض مقامات موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، بھکر اور لیہ میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ 

بلوچستان صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تا ہم شام/رات میں کوئٹہ، ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم بعد از دوپہرتیز /گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ 

مزیدخبریں