شاہین کو داماد بنانے میں 2 سال کیوں لگائے؟ شاہد آفریدی نے بتا دیا

27 Apr, 2023 | 03:32 PM

(ویب ڈیسک) لیجنڈری کرکٹر شاہد آفریدی نےبیٹی کے رشتہ کےلئے شوہر پسند کرنے کے بعد ہاں کرنے میں دو سال لگانے کی وجہ بتادی۔

ایک نجی ٹی وی شو میں سوالات کے جواب میں شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ  وہ شاہین آفریدی کی فیملی کو نہیں جانتے تھے لیکن ان کے خاندان کے بزرگ شاہین کے خاندان کے بزرگوں کو جانتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ شاہین کے والد اور والدہ مجھے اب اپنے والدین جیسے ہی لگتے ہیں لیکن رشتے سے قبل دونوں خاندانوں کے درمیان کچھ دوری بھی ہو گئی تھی۔ جب شاہین نے پاکستان انڈر 19 کیلئے کھیلنا شروع کیا اس وقت تک میں ان کے بھائی ریاض کو بھی جاننے لگا تھا، شاہین کی کرکٹ میں پرفارمنس اور پھر اس کی فیملی نے بھی مجھے متاثر کیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین کے والدین 2 سال سے مجھ سے کہہ رہے تھے کہ انہیں انشا پسند ہے، سب نے مجھے یہی کہا کہ شاہین بہترین لڑکا ہے، عزت کرنے والا ہےلیکن مجھے ہاں کرنے میں وقت لگا کیوں کہ بیٹی ایسی چیز ہے جس کیلئے آپ جلد اعتبار نہیں کرپاتے، مجھے بیٹیاں کبھی بوجھ نہیں لگیں لیکن شاہین کی اچھی شہرت نے مجھے متاثر کیا ،  جس پر میں نے ہاں کردی۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے شاہین کو منع کیا ہوا ہے کہ مجھے سسر نہ کہیں۔

مزیدخبریں