مانیٹرنگ ڈیسک: خیرپور کے قریب کراچی سے لاہور آنے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آتشزدگی سے 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈی سی او ریلوے محسن سیال کے مطابق ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان کراچی ایکسپریس کی بوگی نمبر 4 میں خوفناک آگ لگ گئی ، آگ لگنے کی وجہ سے خاتون چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے پر زخمی ہونے کے بعد چل بسی جبکہ ایک شخص بوگی کے اندر ہی جھلس کر انتقال کرگیا۔
ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے اور صورتحال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے۔ کراچی ایکسپریس سے متاثرہ کوچ کو علیحدہ کرنے کے بعد صبح پونے سات بجے منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔
وزارت ریلوے نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس ضمن میں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو چکی ہے، تحقیقات کے مکمل ہوتے ہی میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔