شہر میں درجہ حرارت 42 درجے سنٹی گریڈ تک جانے کا امکان، شہری احتیاط کریں

27 Apr, 2022 | 03:03 PM

 ویب ڈیسک :  لاہور میں گرمی کی شدت بڑھنے لگی ، درجہ حرارت 42  درجے سنٹی گریڈ تک جا سکتا ہے ۔ شہری اور مریض احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ دیدی ۔  

 محکمہ موسمیات کے  ڈاکٹر خالد محمود کے مطابق اس لہر سے سب سے زیادہ جنوبی پنجاب متاثر ہو گا جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سے بھی بڑھ جائے گا ۔ جبکہ اسلام آباد میں درجہ حرارت 39 تا 40 درجے سنٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اورجنوبی پنجاب اور صوبہ بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت چھ سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی پنجاب، دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت پانچ سے سات ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

  شہری غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور سورج کی روشنی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اُن کے مطابق پانی کا زیادہ استعمال بھی اس دوران از حد ضروری ہے۔

زیادہ عمر کے لوگ ، بچے یا دل کی بیماری  میں مبتلا افراد کے لیے گرمی کی وجہ سے جسم پر پڑنے والے دباؤ سے نمٹنا مشکل ہو سکتا ہے۔

 اسی طرح شوگر کے  مرض ذیابیطس 1 اور 2 کی وجہ سے جسم تیزی سے پانی کی کمی کا شکار ہوتا ہے اور بیماری کی وجہ سے شریانیں اور پسینہ پیدا کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔ 

احتیاطی تدابیر

 سائے میں رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں ، ورزش بند کریں۔

 ڈھیلے ڈھالے اور ہلکے رنگوں والے کھلے کپڑے پہنیں، باہر جاتے ہوئے سر پر ٹوپی  رکھیں گردن کپڑے سے ڈھانک کر رکھیں۔

  زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور اورایسی غذائیں کھائیں جن میں زیادہ پانی ہو۔ گرمی لگنے کی صورت میں پنکھوں اور برف کا استعمال کریں اور ٹھنڈے پانی سے نہائیں تاکہ جسم کا درجہ حرارت کم ہو۔

مزیدخبریں