وزیراعظم کو بل گیٹس کا فون، کیا باتیں ہوئیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں

27 Apr, 2022 | 09:02 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا گزشتہ روزمائیکرو سافٹ کے بانی بِل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں ‏پاکستان میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاری سماجی شعبے کے پروگراموں بشمول پولیو کا خاتمہ اور پاکستان میں حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے فاؤنڈیشن کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر اعظم  ہاؤس کے مطابق شہباز شریف نے تمام شعبوں میں فاؤنڈیشن سے شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی جانب پیش رفت کو برقرار رکھا ہے، 2021 میں پولیو کا صرف ایک کیس ریکارڈ کیا گیا تھا، حکومت ملک سے پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے ۔

وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق دوسری جانب  بل گیٹس نے مثبت پیش رفت کا اعتراف کیا اور پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔اس کے علاوہ ٹیلیفونک رابطے میں  وزیراعظم  شہباز شریف نے افغانستان میں انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اور بل گیٹس نے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ بل گیٹس نے رواں برس 17 فروری کو پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا اور اس وقت کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں ایک تقریب میں بل گیٹس کو صحت اور غربت کے خاتمے کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان سے نوازا تھا۔
 

مزیدخبریں