(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ایک منٹ تک اپنی حکومت کی کارکردگی بتانے کا چیلنج دے دیا۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نےکہا کہ سیاست کا سب سے بڑا نوسر باز جھوٹا، ڈیلر دنیا کے سب سے بڑے سازشی کا نام عمران خان ہے اس کا نیا نام توشہ خان ہے، جو کہتا تھا نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی اب رو رہا کہ لندن میں بیٹھ کر میری حکومت ختم کردی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا نواز شریف سے کیا مقابلہ ہے،عمران خان کی ٹانگیں تو شہباز شریف سے کانپتی ہیں، توشہ خان اور شہباز شریف کا کوئی موازنہ نہیں، شہباز شریف صبح سے اٹھ کر ملک کے لیے محنت کرتے ہیں اور تم صرف ڈرامے بازی کرتے تھے، عمران خان نے اقتدار کے خاتمے کے ڈر سے ہزارہ برادری کے زخموں پر مرہم تک نہیں رکھا ، اب شہباز شریف وزیراعظم بن گئے،جب نواز شریف آئیں گے تو عمران خان کو لگ پتہ جائے گا۔
مریم نواز نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ وہ صرف ایک منٹ اپنی کارکردگی دیکھانے میں میرا چیلنج ہے لیکن یہ ایک لفظ نہیں بول سکتا، یہ آج جلد انتخابات کا راگ کیوں الاپ رہا ہے یہ ڈرامہ پورا پاکستان جانتا ہے، عمران خان آخری دن تک اقتدار سے اس لیے چمٹا رہا کہ میرے بعد ن لیگ اقتدار میں آ گئی تو کرپشن کے کارنامے، نااہلی اور نالائقی عوام کے سامنے آجائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ رات کو بارہ بجے عدالتیں اس لیے کھلیں کیونکہ عمران خان نے آئین توڑا، اس کے علاوہ صدر عارف علوی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا کہ پاکستان22 کروڑ عوام کا ملک ہے، آپ کا ڈینٹل کلینک نہیں جہاں آپ آئین کے دانت نکالتے رہیں۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر تمہارا فرح سے کوئی تعلق نہیں تو راتوں رات اسے دبئی کیوں فرار کرایا۔
مریم نواز نے کہا کہ انتخابات سے وہ ڈرتے ہیں جس کو نقل کر کے پاس ہونے کی عادت ہو، ن لیگ انتخابات سے نہیں ڈرتی، ایک تھا کورونا وائرس ،ایک ہے رونا وائرس، خان صاجب رونا دھونا چھوڑیں۔