ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا انوکھا فیصلہ

27 Apr, 2021 | 12:09 PM

Sughra Afzal

ہال روڈ (جنید ریاض) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا انوکھا فیصلہ، کورونا کی وجہ سے سکول بند لیکن اساتذہ کو حاضر رہنے کا حکم، اساتذہ کو سکول بلا کر واٹس ایپ پر طلبا کو کتابیں اور ہوم ورک دینے کا حکم جاری کردیا، بند سکولوں میں طلبا کو کتابیں بھی تقسیم کی جائیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے لاہور کے بند سکولوں میں داخلے جاری رکھنے کا حکم دے دیا، جبکہ سکول انفارمیشن سسٹم پر ڈیٹا انٹری جاری رہے گی۔ ڈی ای او ایجوکیشن اتھارٹی وسیم بٹ نے کہا ہے کہ بند سکولوں میں ڈینگی اقدامات کی تصاویر بھیجنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، سکول ہیڈز کو بند سکولوں میں سکول کونسل کی مسلسل میٹنگ کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر میں اساتذہ کو سکول بلوانا ناانصافی ہے۔ ایجوکیشن اتھارٹی فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کا رواں تعلیمی سال میں طلبا کے دس لاکھ داخلوں کا ہدف پورا کرنے کا معاملہ، سکولوں میں طلبا کے نئے داخلوں کی تعداد 5 لاکھ 31 ہزار پر پہنچ گئی۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا اپنے ٹوئٹ میں داخلوں کا ہدف پورا کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ سکولوں میں لڑکوں کے داخلوں 2 لاکھ 43 ہزار سات سو ہوئے ہیں، جبکہ لڑکیوں کے سکولوں میں نئے 2 لاکھ 87 ہزار نئے داخلے ہوئے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باوجود سکولوں میں داخلہ مہم جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دس لاکھ داخلوں کا ہدف فروری 2022 تک مکمل کر لیا جائے گا، یاد رہے کہ داخلہ مہم کا آغاز یکم فروری سے کیا گیا تھا۔ 

مزیدخبریں