لاہور میں کورونا کے حملوں میں تیزی , مریضوں کی تعداد 1217 ہوگئی

27 Apr, 2020 | 12:13 AM

Malik Sultan Awan

(سٹی 42)ملک میں کورونا سے مزید 12 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 277 اور مریضوں کی تعداد 13318 ہوگئی, خیبرپختونخوا میں 5، پنجاب اور سندھ میں 3، 3 جبکہ ایک ہلاکت بلوچستان میں ہوئی ، آج مزید 660 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے.

ترجمان پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کے مطابق لاہور میں کورونا  وائرس کے  کنفرم مریضوں کی تعداد 1217 ہوگئی اسکے ساتھ ساتھ  پنجاب سے کورونا وائرس کے 120 نئے کیس سامنے آگئے اور کل تعداد  5446 ہو گئی۔علاوہ ازیں پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 81 اموات ہوئیں جبکہ 1183افرادصحت یاب ہوگئے، ترجمان پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کے مطابق 22 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

 کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والی پنجاب پولیس کے 20 جوان کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، قرنطینہ سنٹرز, ناکوں, دفاتر میں ڈیوٹی کرنے والوں سمیت آئی جی آفس کے ایک ملازم میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں دن بدن کورونا وائرس کے مریض بڑھتے جارہے ہیں جب  کہ اسکی روک تھام کے لیے کام کرنے والے اداروں کے ملازمین بھی اس سے متاثر ہورہے ہیں, پولیس اہلکار بھی کوروناوائرس کی روک تھام کے لیے قرنطینہ سنٹرز, احساس پروگرام, ناکہ بندی, سیکیورٹی سمیت دیگر ڈیوٹیوں پر موجود ہیں۔

اسی حوالے سے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ اب تک 20 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں لاہور, ملتان, ڈی جی خان سمیت دیگر اضلاع کے ملازمین شامل ہیں, جب  کہ سی پی او کا ایک ملازم جو کہ ایڈیشنل آئی جی انٹرنل اکاونٹیبلٹی برانچ کا پی ایس ہے کے ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آیا ہے۔ ملازم کے ساتھ کام کرنے والے مزید12ملازمین کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن کی رپورٹس کل تک موصول ہوجائیں گی جبکہ برانچ کو بند کردیا گیا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

مزیدخبریں