(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ بار نے وکلاء اور سائلین سے 30 روپے سے زائد فیس وصول کرنیوالے اوتھ کمشنرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
اوتھ کمشنرز کا لائسنس لے کر دستاویزات کی تصدیق کرنیوالے وکلاء عدالتوں کے باہر بیٹھ کر منہ مانگی فیسیں وصول کر رہے ہیں، اوتھ کمشنرز کی اصل فیس سے بے خبر سائلین اور وکلاء اُن کو منہ مانگی تصدیق فیس دے رہے ہیں، جس پر لاہور ہائیکورٹ بار کو متعدد شکایات موصول ہو ئی ہیں، صدر ہائیکورٹ بار حفیظ الرحمان چودھری کی قیادت میں بار عہدیداروں نے دستاویزات کی تصدیق کے نام پر 30 روپے سے زائد فیس وصول کرنے والے اوتھ کمشنرز کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار نے وکلاء اور سائلین کی آگاہی کیلئے اوتھ کمشنرز کی اصل فیس 30 روپے بارے مختلف احاطہ ہائیکورٹ میں مختلف مقامات پر نوٹس آویزاں کیے ہیں، جس میں کہا گیا ہےکہ وکلاء اور سائلین سے زائد وصولی کی صورت میں متعلقہ اوتھ کمشنر کیخلاف ہائیکورٹ بار سے شکایت درج کروائیں، متاثرہ افراد ہائیکورٹ بار کے فون نمبر 99214418 پر شکایت درج کرواسکتے ہیں۔