لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تعمیر کیلئے پیشکشیں

27 Apr, 2019 | 10:02 AM

Sughra Afzal

(درنایاب) پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے تیسرے حصے کی بی او ٹی کی بنیاد پر تعمیر کے حتمی فیصلے کے بعد تعمیراتی کمپنیوں سے پیشکشیں طلب کرلیں، درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ 27 مئی، پری ہڈ میٹنگ 28 مئی جبکہ پرپوزل کی ٹیکنیکل اور فنانشل جانچ پڑتال 13 جون 2019 کو فائنل کردی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق لاہور رنگ روڈ اتھارٹی  نے 8 کلومیٹر طویل رائیونڈ روڈ کو ملتان روڈ سے ملانے والی ایس ایل تھری کی تعمیر کے لیے خواہشمند فرموں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں، چیئرپرسن لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کا کہنا ہے کہ بلٹ ، آپریٹ اور ٹرانسفر موڈ پر تین ماہ میں ٹینڈرنگ پراسیس مکمل کرکے 9 ماہ میں رنگ روڈ کے ذریعے رائیونڈ روڈ ملتان سے ملادیا جائے گا جو لاہوریوں کیلئے ایک تحفہ ہوگا۔

ڈائریکٹر پلاننگ رنگ روڈ اتھارٹی سید الیاس شاہ کا کہنا ہے کہ ایس ایل تھری میں دو انٹرچینج شامل ہیں، ملتان روڈ اور لاہور کینال کے سنگم پر بننے والا انٹرچینج پاکستان کا سب سے بڑا انٹرچینج ہوگا۔

 انہوں نے بتایا کہ 6 لین کی ایس ایل تھری بننے کے بعد رنگ روڈ کا 70 کلومیٹر کا ٹریک مکمل ہوجائے گا اور کمرشل سمیت ہر قسم کی ٹریفک کو حیران کن ریلیف ملے گا، ایس ایل تھری اڈہ پلاٹ سے شروع ہو کر بحریہ ٹاؤن، میڈیکل سٹی سے ہوتی ہوئی ملتان روڈ کو ملائے گی جس کی لاگت کا تخمینہ 10 ارب لگایا گیا ہے۔

مزیدخبریں