( طاہر جمیل ) انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام چولستان کی ثقافت اور تاریخ پر مشتمل پروگرام کا انعقاد کیا گیا، 2 روزہ پروگرام کے پہلے روز چولستان کی موسیقی، آثار قدیمہ اور ثقافت پر روشنی ڈالی گئی۔
تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ روڈ پر واقع انسٹیٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر میں منعقدہ تقریب میں چولستان کی ثقافت سے عوام کو روشناس کروانے کے لیے مختلف سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ دو روزہ پروگرام کے پہلے روز سیمینار، میوزیکل پروگرام، ثقافتی نمائش، شاعری اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں مختلف تاریخ دانوں اور ماہرین آثار قدیمہ نے صحرائے چولستان کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر انسٹیٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر پروفیسر ساجدہ حیدر کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد علاقائی ثقافت کے خوبصورت رنگوں کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔ ' روہی دی عجب بہار ' کے نام سے منعقدہ چولستان کی خوبصورت ثقافت کی عکاسی کرتا یہ پروگرام آج بھی جاری رہے گا۔