مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی کے دو رکنی وفد کی ملاقات، آئنی ترمیم سے متعلق گفتگو

26 Sep, 2024 | 08:55 PM

ویب ڈیسک : جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی کے دو رکنی وفد کی ملاقات ہوئی ۔

ملاقات میں سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضاء شامل تھے ۔ 

ملاقات میں آئنی ترمیم سے متعلق سلمان اکرم راجہ نے مولانا فضل الرحمان کو بریفنگ دی ۔ 

سلمان اکرم راجہ نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مولانا فضل الرحمان سے بہت اچھی ملاقات ہوئی ہے، ان کی خیریت دریافت کرنے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی بات مان لی ہے، ایسا کچھ نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی آئین کی شب خون مارنے کی کوشش کو ناکام بنایا ، مولانا فضل الرحمان اپنی سوچ میں واضح ہیں۔ مولانا فضل الرحمان ایسا کوئی اقدام اٹھائیں گے جس کو تاریخ میں کالے حروف میں لکھا جائے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ ہیں ، اللہ کا کرم ہمارے ساتھ ہے، ہم نے آج کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا، وہ کمیٹی بات جاری رکھے گی۔ مولانا فضل الرحمان اور دیگر جماعتیں انشاء اللہ ہمارا ساتھ دیں گی۔ ہم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے، ہم نے پاکستان کو قانونی ریاست بنایا ہے، ہم ایک عوامی تحریک چلائیں گے ۔ 

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا ایک سابق وزیراعظم کا ملٹری ٹرائل ہو ، ایسا نہیں ہوسکتا ایک کنٹرول آئینی عدالت بنائی جائے ۔ ہائیکورٹ کے چھ ججز نے خط لکھا ۔ 

صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج  کی ملاقات بہت اچھے ماحول میں ہوئی، مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے فاشزم کو روکا ۔ آج میں مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرنے بھی آیا تھا۔ ہم نے قانونی اور آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیا، ہم بہت خوشی کے ساتھ یہاں سے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے موقف پر قائم ہیں، مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ میں ایسے کسی اقدام کا حصہ نہیں بنوں گا جو پاکستان کی عوام کے خلاف ہو ۔ 

مزیدخبریں