نیتن یاہو کا جنگ بندی کرنے سے انکار، بیروت میں حزب اللہ کمانڈر پر حملہ

26 Sep, 2024 | 07:37 PM

سٹی42:  فرانس، امریکہ اور ان کے اتحادی ممالک کی جانب سے جنگ بندی کی اپیل کے بعد اسرائیل کے وزیر اعظم نے وضاحت کی ہے کہ جنگ بندی کی خبریں درست نہیں ہیں اور لبنان پر حملے جاری رہیں گے۔ اس دوران  اسرائیل نے بیروت سمیت لبنان میں کئی جگہوں پر حملے کئے ہیں۔  اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے بیروت پر حملے کیے ہیں اور ذرائع کے مطابق حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے ایکس پیج پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ "جنگ بندی کی خبریں درست نہیں ہیں" اور انہوں نے لبنان پر حملے جاری رکھنے کا عزم کیا۔

الجزیرہ نیوز نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ بیروت میں  حملے کر رہی ہے، اس کے فوراً بعد لبنانی دارالحکومت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں ایک بڑے دھماکے کی آواز سنی گئی۔
ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کی میڈیکل کوآرڈینیٹر لونا حماد نے عرب نیوز چینل کو بتایا کہ لبنان پر اسرائیلی حملہ "پہلے سے ہی کمزور صحت کے نظام پر بہت زیادہ دباؤ ڈال رہا ہے"۔

لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ لبنان بھر میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 72 افراد ہلاک اور 400 کے قریب زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے شام اور لبنان کی سرحد پر حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جسے حزب اللہ گروپ پڑوسی ملک سے ہتھیاروں کی منتقلی کے لیے استعمال کرتا ہے۔

مزیدخبریں