ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم، بالائی حصوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات

26 Sep, 2024 | 06:15 PM

روزینہ علی : محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نوکنڈی، دادو، شہید بینظیر آباد، موہنجو داڑو، رحیم یار خان اورخیرپور42 میں ڈگری سینٹی گریڈ  درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

جمعہ کے روز موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہستان، اورکزئی اورکرم میں ا ٓندھی/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی / جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے ۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، میا نوالی، سرگودھا، خوشاب، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جھنگ، فیصل آباد اور گردونواح میں آندھی/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری متوقع ہے، اس کے علاوہ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ژوب، زیارت اور کو ئٹہ میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کا امکان ہے ۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں تھرپارکر اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسکے علاوہ کشمیر اور  گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش کی توقع ہے۔ 

مزیدخبریں