ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر شہروں میں آج سے بادل برسنے کی نوید سنا دی۔
بارش برسانے والا نیا سسٹم آج پاکستان میں داخل ہوگا جس کی وجہ سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے الرٹ جاری کرتے ہوئے پورے صوبہ کے ڈپٹی کمشنرز کو مشینری سمیت عملہ کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق لاہور ، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، ساہیوال، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن اور قصور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کی مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبل ون ڈبل ٹو سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملہ الرٹ رکھیں۔
عرفان کاٹھیا نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں، عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں اور بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب نہ جانے دیں۔