سٹی42: پنجاب کے وزیراعلیٰ سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، مال روڈ لاہور کو ’ڈسٹ فری روڈ‘ بنانے کی کوشش کریں گے۔
محسن نقوی نے یہ باتیں لاہور میں اکبر چوک فلائی اوور منصوبہ کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ قبل ازیں انہوں نے اکبر چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کر کے منصوبے پر تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا،تعمیراتی سرگرمیوں اور منصوبے کے اطراف سٹرکوں کی تعمیر کا معائنہ کیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر, سید اظفر علی ناصر, وہاب ریاض اور ڈی سی لاہور رافعہ حیدر بھی ہمراہ تھے
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا لاہور کا بہت اہم پراجیکٹ ہے, اس ڈیزائن کا لاہور میں یہ پہلا برج بن رہا ہے، امید کر رہے ہیں اسے اگلے چند ہفتوں میں مکمل کر لیں،اس روڈ کے یو ٹرن سارے مکمل ہو گئے ہیں۔اس منصوبے سے وحدت روڈ سے پیکو روڈ تک سگنل فری روڈ ہو گئی ہے۔سنگل فری روڈ ہونے سے ٹریفک کا مسئلہ بھی کم ہو گا۔ کچھ کام باقی ہے وہ بھی جلد ہو جائے گا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اکبر چوک سے ٹاؤن شپ تک کی سڑک کو بھی ری ویمپ کیا جائے گا, امید ہے کہ اس کے بعد ٹریفک کی صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ انہوں نےلاہور کے لیے ایک اہم چیز یہ کی ہے کہ مال روڈ کو ڈسٹ فری بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کوشش ہے اگلے پندرہ بیس دن تک آپ کو مٹی نظر نہ آئے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ سیالکوٹ بہت اہم شہر ہے، اگلے تین ماہ تک سیالکوٹ کی شکل ضرور بدلیں گے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سانحہ جڑانوالہ میں متاثر ہونے والے بائیس میں سے اکیس چرچ کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے۔