ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف لندن سے پاکستان آنے کیلئے روانہ ہوگئے، شہباز شریف مکمل پولیس پروٹوکول میں سلیمان شہباز کی رہائش گاہ سے لوٹن ائیرپورٹ جانے کیلئے نکلے۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے بعد ہفتہ کو لندن پہنچے تھے، انہوں نے لندن قیام کے دوران نواز شریف سے دو اہم ملاقاتیں کیں، نوازشریف، شہباز شریف اور دیگر پارٹی قیادت کی گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کا قلمدان دینے کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا۔
شہباز شریف نے نواز شریف کو سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے حکومتی منصوبوں سے آگاہ کیا تھا۔دوسری جانب اسحاق ڈار بھی پاکستان جانے کیلئے گھر سے روانہ ہوگئے ہیں، پاکستان جانے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار الگ الگ ائیرپورٹ پہنچیں گے۔
پارٹی قائد نواز شریف نے اسحاق ڈار کو وزیراعظم کے ساتھ پاکستان جانے کا مشورہ دیا تھا، اسحاق ڈار نے وطن واپسی کیلئے بدھ کی نشت بک کرائی ہوئی تھی، اسحاق ڈار پاکستان پہنچ کر سینٹ اور وزیر خزانہ کے عہدوں کے حلف اٹھائیں گے۔
اسحق ڈار پانچ برس سے لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی بسر کررہے تھے، گزشتہ روز لندن میں اعلی لیگی قیادت کے اجلاس میں مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی پیش کیا تھا، معاشی جادوگر کہلانے والے اسحاق ڈار کو پاکستان میں مہنگائی میں کمی ڈالر کو قابو میں رکھنے اور معیشت کی ترقی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔