ویب ڈیسک: معروف مزاحیہ اداکار عمر شریف کی فیملی منگل کو امریکہ جائے گی،ممتاز فن کار کی پہلی اہلیہ اور ان کے دونوں بیٹوں نے ٹکٹ لےلیے ہیں.
تفصیلات کے مطابق ائیر ایمبولنس نے گزشتہ شب کراچی ائیرپورٹ لینڈ کرنا تھا اور ری فیولنگ کے بعد صبح ساڑھے پانچ بجے کامیڈی کنگ علاج کی غرض سے امریکہ روانہ ہونا تھا۔ لیکن اب ایئرایمبولینس کے شیڈول میں ایک بار پھر تبدیلی سامنے آئی ہے۔ گزشتہ شب پہنچنے والی ایئر ایمبولینس آج صبح 11 بجےجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی لینڈ کرے گی۔
سوال ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ائیرایمبولینس کی جانب سے پہلے 3 شیڈول سی اے اے کو جاری کیےگئےتھے، جس کے بعد سی اے اے نے پیر کی صبح لینڈنگ کیلئے اجازت نامہ جاری کیا۔ ائیرایمبولنس جرمنی، آئس لینڈ اور کینیڈا میں دوگھنٹے کااسٹے کرتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی کے ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی، جس کے بعد عمر شریف کو جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔
دوسری جانب عمر شریف کی پہلی اہلیہ فرح دیبا اپنے بڑے فرزند جواد عمرکے ہمراہ منگل کو امریکہ روانہ ہوں گی جبکہ ان کے دوسرے فرزند فواد عمر بعد میں امریکہ جائیں گے، تینوں افراد کے ٹکٹس کی بکنگ ہوگئی ہے۔ فرح دیبا اور جواد بزنس جبکہ فواد کچھ دن بعد اکنامی کلاس سے امریکہ جائیں گے۔
عمر شریف کی تیسری اہلیہ زرین غزل جنہوں نے اس معاملے کو سب سے پہلے میڈیا میں اٹھایاتھا ان کا تاحال امریکہ جانے کا کنفرم نہیں ہوسکا،عظیم اداکار کی طبیعت میں بہتری ہے کچھ روز قبل انہیں آئی سی یو سے پرائیوٹ روم میں شفٹ کردیا گیا تھا۔