امریکا کی افغانستان پر فضائی حملے کی دھمکی

26 Sep, 2021 | 01:41 PM

Arslan Sheikh

ویب ڈیسک: افغانستان میں فضائی حملوں کیلئے طالبان کو بتانا ضروری نہیں۔ امریکا نے افغانستان کے متعلق اپنے آئندہ کے عزائم سے پردہ اٹھانا شروع کردیا۔ امریکی محکمہ دفاع نے کہا کہ انسداد ِ دہشت گردی آپریشنز  کیلئے تمام ضروری اختیارات رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپر پاور امریکا نے مستقبل میں افغانستان پر فضائی حملے کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع نے صاف صاف کہہ دیا ہے کہ افغانستان میں فضائی حملوں کیلئےطالبان کو بتانا ضروری نہیں۔ پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی آپریشنز کیلئے تمام ضروری اختیارات رکھتے ہیں۔
جان کربی نے یہاں تک کہہ دیا کہ فضائی کارروائیوں میں معاون رابطوں کیلئےمخصوص اصولوں کی ضرورت نہیں۔ فضائی حدود کے استعمال کیلئے فی الحال طالبان کو آگاہ کرنا ضروری نہیں، مستقبل میں بھی ایسی کسی کلئیرنس کی ضرورت پڑنے کی توقع نہیں ہے۔
ترجمان پینٹاگون کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف فضائی حملوں کیلئے حاصل صلاحیتوں پر یقین ہے۔ مستقبل میں بھی ان کارروائیوں میں کوئی رکاوٹ متوقع نہیں ہے۔
دوسری جانب طالبان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مزید دخل اندازی سے گریز کرے۔ افغان وزارت اطلاعات و ثقافت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امریکا سے غیرذمہ دارانہ بیانات نہ دینے کی توقع کرتے ہیں۔ امریکا نے حال ہی میں کابل میں ڈرون حملہ کرکے بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو مار ڈالا تھا۔ 

مزیدخبریں