( ریحان گل ) کروڑوں روپے لگا کر بھی فول پروف انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم تیار نہ ہوسکا، سسٹم میں موجود خامیوں کے باعث روزانہ کی بنیاد پر مسائل سامنےآنے لگے۔
محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب کے اپنے آئی ٹی ونگ نے بغیر کسی لاگت کے محکمانہ وسائل کے ذریعے کالج اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ کے لیے ہیومن ریسورس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم تیار کیا تھا۔ اس دوران کچھ اساتذہ کے آن لائن تقرر و تبادلے کیے گئے، لیکن پھر وزیر ہائر ایجوکیشن راجا یاسر ہمایوں نےآن لائن سسٹم محکمہ ہائرایجوکیشن کے آئی ٹی ونگ سے لے کر پی آئی ٹی بی کے حوالے کردیا۔
مگر کچھ ہی عرصے میں پی آئی ٹی بی کے تیار کردہ آن لائن سسٹم میں خرابیاں سامنے آ گئیں، جس سے اساتذہ کے تقرر وتبادلوں میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ہائرایجوکیشن کے مفت میں تیار کیے گئے سسٹم کے پی آئی ٹی بی نے چھ کروڑ مانگ رکھے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری ہائرایجوکیشن ارم بخاری نے آن لائن سسٹم میں خرابیوں پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی سرزنش کی ہے، سسٹم میں موجود خرابیاں فوری دور کرنے کی ہدایت کردی ہے۔