( شہباز علی ) پی سی بی بلاسٹرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد پی سی بی چیلنجرز کو چھ رنز سے شکست دے کر قومی خواتین ٹرائینگلولر کرکٹ چیمپئن شپ جیت لی، نوجوان کرکٹرز کہتی ہیں کہ اس ٹورنامنٹ سے ان کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔
باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ پر پی سی بی بلاسٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 216 رنز بنائے، سدرہ امین نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 102 رنز بنائے۔ جواب میں پی سی بی چیلنجرز کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بناسکی، جویریہ رؤف نے 51، بسمہ معروف نے 44 رنز بنائے، طوبی حسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا کیا ایسے ایونٹس تسلسل سے ہونے چاہیئیں جس سے ویمن کرکٹ میں بہتری آئے گی۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی رکن عروج ممتاز خان کا کہنا تھا کہ مردوں اور خواتین کرکٹ کے سٹرکچر میں فرق ہے تاہم اب ویمن کرکٹ تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔
ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنچری اسکور کرنے پر سدرہ امین کو ویمن آف دی میچ قرار دیا گیا، ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں قومی ٹیم کے لئے منتخب کیا جائے گا۔