رضوان نقوی: سال 2019 کے انکم ٹیکس گوشوار ےجمع کرانے کی آخری تاریخ میں 4 روز باقی رہ گئے، سرکاری محکموں کے ہزاروں ملازمین نے تاحال انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروائے، ریجنل ٹیکس آفس ٹو نے آئی جی پنجاب، اے جی پنجاب، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو خطوط لکھ دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے سال دوہزار انیس کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ تیس ستمبر مقرر کررکھی ہے، پولیس کے ہزاروں افسران و ملازمین تاحال نان فائلر ہیں، ریجنل ٹیکس آفس ٹو کی کمشنر عائشہ عمران بٹ نے آئی جی پنجاب کو خط لکھ دیا ہے۔ آرٹی او ٹو نے آئی جی پنجاب پولیس کو خط لکھا ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران و ملازمین کو گوشوارے جمع کرانے کا پابند بنائیں، ایف بی آر کے آرٹی او ٹو نے اے جی پنجاب اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو بھی گوشوارے کے حوالے سے خط لکھ دیاہے۔
اسی طرح چائلڈ پروٹیکشن بیورو, پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے بیشتر افسران و ملازمین بھی تاحال نان فائلرہیں، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو بھی کمشنر آرٹی و ٹو نے خط لکھ دیئےہیں، ڈی جی مانیٹرنگ ہوم ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر سول ڈیفینس پنجاب کو بھی گوشواروں کیلئے خط لکھ دیئے گئے۔
آرٹی او کی ٹیم نے ڈی جی پنجاب ایمرجینسی سروسز ریسکیو 1122، سروسزہسپتال، شیخ زید اور کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ڈائریکٹر فنانس کو بھی گوشواروں کے لئے خطوط لکھ دیئے ہیں، آرٹی او ٹو نے مختلف محکموں کے سربراہان کو خط لکھ کر ہدایت کی ہے کہ سالانہ 6لاکھ روپے سے زائد تنخواہ لینے والے ملازمین کو گوشوارے جمع کرانے کا پابند بنائیں۔
آرٹی او ٹو نے مختلف سرکاری محکموں کے دفاتر میں انکم ٹیکس گوشواروں کیلئے سہولیاتی مراکز بھی قائم کر دیئے ہیں، ایف بی آر کے افسران و ملازمین 30ستمبر تک سہولیاتی مراکز پر سرکاری ملازمین کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلئے معاونت فراہم کریں گے۔