زین مدنی: بھارتی پروموٹرز کو معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی کے ساتھ کام کرنے سے روک دیا گیا، راحت فتح علی خان نے کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی پروموٹرز کے شوز کرنے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سینما ایسوسی ایشن نے تعصب کی انتہا کردی، پروموٹرز کو عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی کے ساتھ شو منسوخ کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔ دی فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن امپلوائس نے بھارتی پروموٹرز کارل کلرا اور نرمل دھلی ول کو معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ کنسرٹ منسوخ کرنے کا نوٹس جاری کیا جو کہ کینیڈا اور امریکا میں 4 اور 20 اکتوبر کو ہونا تھا۔
بھارتی فیڈریشن نے انتباہی خط میں یہ بات واضح کی کہ ہمیں پوسٹرز موصول ہوئے ہیں جس میں بھارتی پروموٹر پاکستانی گلوکار کے ساتھ ہونے والے کنسرٹ کی تشہیر کررہے ہیں جب کہ ہم نے بھارتی گلوکار، اداکار، میزبان کو پہلے ہی منع کیا ہوا تھا کہ وہ کسی پاکستانی آرٹسٹ کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ ملک کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئے مذکورہ شو کو فوری طور پر منسوخ کریں، واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فیڈریشن نے گلوکار میکا سنگھ پر پاکستان جانے کی وجہ سے پابندی عائد کی تھی۔