عیشہ خان: بند روڈ پر خستہ حال فیکٹری کی چھت زمین بوس ہونے سے ملبے تلے دب کر 2 مزدور جاں بحق، 4 زخمی، فیکٹری مالکان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق خستہ حال فیکٹری کی چھت کا ایک حصہ منہدم ہوا تو ملبہ باقی کی کمزورچھت پرڈال دیا گیا، جو بوجھ سےزمین بوس ہو گئی اور ملبے تلے دب کر 2 مزدور جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ واقعہ بند روڈ پر گنجوں کی گھاٹی میں موٹرسائیکل پارٹس بنانے والی فیکٹری میں پیش آیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز فیکٹری کا کچھ حصہ گرا اسی کا ملبہ چھت پر رکھا جا رہا تھا، فیکٹری مالک کو منع بھی کیا گیا لیکن اس نے ایک نہ سنی اور کچھ ہی دیرمیں چھت گرگئی۔ حادثے میں 6 مزدور ملبے تلے دب گئے جس میں دو مزدور 16 سالہ اکمل اور20 سالہ سلیم جاں بحق ہوئے جب کہ دیگرکو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ فیکٹری مالکان کی غفلت کا نتیجہ ہے، مقدمہ درج کرکے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ جاں بحق افراد کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کی جائیںگی۔