اے پی این ایس نے کونٹینٹ کمیٹی کو میڈیا پر سرجیکل سٹرائیک قرار دیدیا

26 Sep, 2018 | 02:49 PM

Sughra Afzal

(ندیم خالد) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے اشتہارات کی ریلیز کے سلسلے میں کونٹینٹ کمیٹی کے قیام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے میڈیا پر سرجیکل سٹرائیک قرار دیدیا۔

 تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے میڈیا کو ریلیز کیے جانے والے اشتہارات کی منظوری کیلئے اپنی سربراہی میں ایک کونٹینٹ کمیٹی بنا دی ہے جس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے کہا کہ اس کمیٹی کو میڈیا پر سرجیکل سٹرائیک سمجھتے ہیں اس سے میڈیا کی آزادی متاثر ہو گی۔ یہ اقدام پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے میڈیا کی آزادی سلب نہ کرنے اور صوبائی اور ضلعی سطح پر اختیارات کی منتقلی کے دعوﺅں کے بالکل برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اشتہارات میڈیا میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ امر افسوسناک ہے کہ اس اقدام کے ذریعے وفاقی حکومت اشتہارات کو مرکزیت کی طرف لاکر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے۔ یہ اقدام صوبوں کو آئین میں دیئے گئے اختیارات میں تجاوزات کے مترادف ہے۔ اس طرح مداخلت سے جہاں اخبارات کو نقصان پہنچا ہے وہاں میڈیا انڈسٹری بھی شدید خسارے میں جا رہی ہے جس سے بہت سے ادارے اپنے ملازمین کو نکالنے پر مجبور ہو گئے ہیں جس سے ملک میں بیرروزگاری مزید بڑھ جائے گی۔

 اے پی این ایس نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ میڈیا کے مفادات کا تحفظ کیا جائے اور اشتہارات کی ریلیز کی مرکزیت کی پالیسی کو فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ میڈیا ملک کی جمہوری روایات کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

مزیدخبریں