ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد ہو گا‘

’وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد ہو گا‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سفیر رضا : وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد ہو گا، پوری ریاست جموں وکشمیر مملکت خدادا پاکستان کا حصہ ہو گی ۔ 

وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق نے یوم سیاہ کے موقع پر ویڈیو پیغام جاری کیا، انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے لیے ایک سیاہ ترین دن ہے، اس دن1947 میں ہندوستان نے تقسیم برصغیر کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے ایک حصہ پر جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ کا آغاز کیا، آج تک اس قبضہ کے خلاف مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام جدوجہد کر رہے ہیں، ہندوستان گزشتہ 77 سال سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، 1965 اور 1971 میں بھی مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کی وجہ سے وہاں کے عوام نے آزاد کشمیر اور پاکستان کی طرف ہجرت کی، 1989 کے بعد 96 ہزار سے زائد عام شہریوں کو شہید کیا جا چکا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی جان، مال ، عزت اور عصمت محفوظ نہیں رہی، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کی ہئیت کو بدلنے کے لیے ہندوستان کے لوگوں کو لا کر آباد کیا جا رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں ہندوستان کے لوگوں کو ترجیح دی جارہی ہے، تمام حریت قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکن اور آزاد صحافی جیلوں میں ہیں،  مقبوضہ جموں وکشمیر میں اظہار رائے، اجتماع ، تحریر اور تقریر پر مکمل پابندی ہے ۔ 

چودھری انوارالحق نے کہا کہ ہندوستان کا جبر اور ظلم مقبوضہ کشمیر کے عوام کا جذبہ آزادی سرد نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر کے حوالہ سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر غمل درآمد کروائیں، مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر اور حریت پسند عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ۔