ویب ڈیسک : خیبرپختونخوا کے علاقے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں لگی آگ مزید بڑھنے لگی ، دوپہر ڈیڑھ بجے سےلگنے والی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا ، گزشتہ 4 گھنٹوں سے مسلسل آگ کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
ریسکیو1122 کے مطابق آگ ٹشو پیپر اور ڈائپرزکی فیکٹری میں لگی ہے جو پھیلتی جارہی ہے ،آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے خیبر اور چارسدہ سے مزید ریسیکو گاڑیاں طلب کرلی گئیں، آگ پر قابو پانے کے لیے پہلے ہی 10 فائر ویکلز اور 40 فائر فائٹرز آپریشن میں مصروف ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ ریسکیو 1122 فائر فائیٹرز گزشتہ 3 گھنٹوں سے فائر فائٹنگ کر رہے ہیں، آگ پر قابو پانے میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں، فوری طور پرآگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آگ بجھانے میں ریسکیو 1122 کی 20 سے زائد آپریشنل گاڑیاں زیر استعمال ہیں۔
آگ بجھانے کے دوران متعدد فائیر فائٹرز کی حالت غیر ہوگئی ۔
پشاور،گورنر خیبرپختونخوا نے حیات آباد فیکٹری آگ بجھانے کےلئے ائیر فورس ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیے ۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کمشنر پشاور سے رابطہ کیا، اور متعلقہ حکام کو ہرممکن امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔
کمشنر پشاور کی جانب سے امدادی کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ گورنر نے متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر ہرممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات کردیں۔