19 سال بعد پاکستان نے انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دیدی

26 Oct, 2024 | 11:39 AM

ویب ڈیسک: پاکستان نے انگلینڈ کو راولپنڈی ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر انگلینڈ کے خلاف 19 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیت لی، آخری بار پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ ہی کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2005میں جیتی تھی، پاکستان کے 636 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 248 پر آوٹ ہوگئی تھی، پاکستان نے آخری ٹیسٹ ہوم سیریز 2021 میں جنوبی افریقا کے خلاف جیتی تھی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 267 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے 344 رنز بناکر 77 رنز کی برتری حاصل کی تاہم دوسری اننگز میں انگلش بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی اور 112 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، میزبان ٹیم کو تیسرا ٹیسٹ اور سیریز جیتنے کے لیے 36 رنز کا ہدف ملا,ایک وکٹ کے نقصان پر قومی کرکٹ ٹیم نے ہدف پورا کرلیا، پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹ سے ہرا کر 3 میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں سعود شکیل کی 134 رنز کی اننگز، اسپنر ساجد خان کی 10 اور نعمان علی کی 9 وکٹوں نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی۔

کھیل کے تیسرے روز انگلینڈ نے 24 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، مہمان ٹیم کا دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، زیک کرالے 2، بین ڈکٹ 12 اور اولی پوپ صرف ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے, ہیری بروک نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی 26 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، کپتان بین اسٹوکس صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، تجربہ کار انگلش بلے باز جو روٹ کی ہمت بھی 33 رنز پر جواب دے گئی۔

 جیمی اسمتھ صرف 3 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، ریحان احمد 7، گس ایٹکنسن 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے,قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کی۔

 یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ساجد علی اور نعمان علی تمام 20 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا جب کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں بھی دونوں نے 19 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ لیگ اسپنر زاہد محمود کے حصے میں آئی، یوں دونوں ٹیسٹ میچز میں اسپنرز نے 20،20 وکٹیں اڑائی۔

مزیدخبریں