قیصر کھوکھر:صوبائی ٹاسک فورس برائےانسدادپولیوکاسول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا،اجلاس میں28اکتوبرسےشروع ہونیوالی انسدادپولیومہم میں نقل پذیرآبادی کی جیو ٹیگنگ کافیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری پنجاب نے کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبےکےداخلی راستوں اورٹرانزٹ پوائنٹس پربچوں کوویکسیئن پلانےکیلئےٹیمیں تشکیل دی جائینگی۔
صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق نے بتایا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے روٹین امیونائزیشن (ای پی آئی) کوریج کو بہتر بنایا جا رہا ہے، انسداد پولیو مہم میں موجود خامیوں کو دور کر کے موذی مرض کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ویکسیئن کے قطرے پلانیوالی ہر ٹیم میں کم از کم ایک سرکاری اہلکار لازمی شامل کیا جائے، مائیکرو پلانز کی ڈیجیٹلائزیشن سے انسداد پولیو مہم کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس کے دوران رحیم یار خان، راجن پور، اٹک سمیت سرحدی اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نادیہ ثاقب نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی،بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم میں 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلائے جائیں گے،ویکسیئن کے قطرے پلانے کیلئے 4888 مستقل، 2654 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔